نئی دہلی، یکم مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کانگریس نے رافیل سودے کی تبدیلی کو ملک کا سب سے بڑا دفاعی گھوٹالہ قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان ہوا ہے بلکہ کرناٹک ریاست میں سرمایہ کاری کو بھی دھچکا لگا ہے اور یہاں کے لوگوں کا روزگار چھینا ہے۔
کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سورجیوالا نے یہاں پارٹی کے ریاستی صدر دفتر پر ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو اس گھوٹالے کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا اور یہ مطالبہ دوہرایا کہ سپریم کورٹ کے جج سے اس کی تحقیقات کرائی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ رافیل سودے میں مسٹر مودی نے تبدیلی کی ہے جس سے سرکاری خزانے کو 41 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس سودے کے تحت کرناٹک میں واقع پبلک سیکٹر کی کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) میں 36000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہونی تھا لیکن مودی حکومت نے اس سودے کو بدل کر کرناٹک میں سرمایہ کاری اور روزگار کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔
ترجمان نے الزام لگایا کہ رافیل طیاروں کو اس کی قیمت سے زیادہ قیمت میں خریدا گیا ہے اور ایچ اے ایل کو رافیل طیاروں کی ٹیکنالوجی منتقل کئے جانے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ مودی حکومت نے اس سودے کو پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کردی، جس سے کرناٹک کو اقتصادی نقصان ہوا اور یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کیا۔